نئی دہلی،15مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آئی پی ایل10 کے اپنے آخری میچ میں کنگز الیون پنجاب 9 وکٹ سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ پونے میں ہوئے اس اہم میچ میں ٹیم کی شکست اور خراب کاکردگی کا ٹھیکرا کوچ وریندر سہواگنے کپتان گلین میکسویل پر پھوڑا ہے۔ میچ کے بعد انتہائی ناراض نظر آئے سہواگ نے کہا کہ میکسویل نے بطور کپتان ٹورنامنٹ میں کوئی ذمہ داری نہیں لی۔ بتا دیں کہ آخری میچ میں پونے سپرجائنٹس کے خلاف میکسویل صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ میچ کے بعد سہواگ نے کہا کہ سب جانتے ہیں جب میکسویل اپنی فارم میں ہوتے ہیں تو وہ اکیلے ہی میچ جتا دیتے ہیں، لیکن انہوں نے 8۔9 میچوں میں ایسا کیا ہی نہیں، یہ خراب بات رہی کیونکہ وہ کافی تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کپتان اور کھلاڑی کے طور پر ذمہ داری نہیں لی۔ بتا دیں کہ میکسویل نے ٹورنامنٹ میں 14 میچوں میں 31 کے اوسط سے 310 رنز بنائے۔
سہواگ نے کہا کہ میں بہت مایوس ہوں، اس میچ میں کسی بھی غیر ملکی کھلاڑی نے ذمہ داری نہیں لی، کسی کو تو 12 سے 15 اوور تک ٹک کر کھیلنا چاہیے تھا۔ ان کا کردار یہی تھا کہ ٹاپ 4 میں سے کوئی کھلاڑی تو آخر تک کھیلتا تا، لیکن کسی نے ایسا نہیں کیا، وہ شکایت کر رہے تھے کہ وکٹ کافی سست تھا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ جب آپ اتنا انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے ہوں تو ہر طرح کے وکٹ پر کھیلنے کی عادت ہونی چاہئے۔